اس تجربے کی تیاری کے لیے دس انچ لمبی باریک تار لیجیے۔ اس کے دونوں سرے ایک ایک پنسل سے اچھی طرح باندھ دیجیے تاکہ پنسل دستے
بن سکیں اور آپ انہیں ہاتھ میں پکڑ سکیں۔
اب برف کا ایک چوکور ٹکڑا بوتل کے اوپر رکھ دیجیے۔ برف کے اوپر درمیان میں رکھیے اور تصویر میں دکھائے ہوئے طریقے کے مطابق دونوں پنسلوں کو نیچے کی طرف مضبوطی سے دبائیے۔ تار برف کے ٹکڑے کو نیچے کاٹتی چلی جائے گی لیکن برف کا ٹکڑا پھر بھی ثابت رہے گا۔
یہ کیسے ممکن ہے؟ سائنس بتاتی ہے کہ تار کے دباؤ سے برف کا وہ حصہ پگھل گیا جو تار کے بالکل نیچے تھا۔ دوسرے لفظوں میں دباؤ نے حرارت پیدا کردی لیکن برف پگھلی تو اس نے برف کے اس حصے سے حرارت چرا لی جو زیادہ سرد تھا اور پگھلا نہیں تھا۔ یہ برف اور بھی زیادہ سرد ہوگئی اور اس نے برف پگھلتے ہی فوراّ اس کے پانی کو پھر سے جما دیا۔