ہوا کے دباؤ میں کتنا زور ہوتا ہے؟ اسے ثابت کرنے کیلیے ہم آپ کو ایک نہایت آسان اور ڈرامائی طریقہ بتاتے ہیں۔
لکڑی کی ایک نہایت پتلی تختی لیجیے۔ یہ تین فٹ لمبی اور چار انچ چوڑی ہو۔ تختی کو میز پر رکھیے لیکن اس طرح کہ اسکا تقریباّ چار انچ لمبا حصہ میز کے کنارے سے آگے بڑھا ہو۔ تختی کا جو حصہ میز پر ہے، اس کے اوپر اخبار کے دو دہرے ورق اس طرح رکھیے کہ ایک کے اوپر دوسرا ورق ہو۔ اس کے بعد کاغذ کو ہموار کیجیے اور اتنا دبائیے کہ کاغذ تختی اور میز کے سطح کے ساتھ لگ جائے۔
اب تختی کا جو حصہ بڑھا ہوا ہے اس پر زور سے مکہ رسید کیجیے، آپ کا خیال ہوگا کہ اخبار دور جاگریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ ہوا کہتی ہے "نہیں" ، آپ سے یہ نہیں ہوگا۔ مجھ میں اتنا زور ہے ہے کہ آپ کو اس بے ہودگی سے روک لوں۔ ہوا اخبار پر اتنا دباؤ ڈالتی ہے کہ تختی آپ کے مکے سے شاید ٹوٹ جائے لیکن اخبار پرے نہیں ہوں گے۔
یہ ماننا مشکل ہے کہ ہوا کا دباؤ اتنا ہوسکتا ہے لیکن ذرا حساب کرو، تو سمجھ میں آجائے گی۔ ہر ایک مربع فٹ سطح پر پانچ ٹن ایک سو چالیس من سے زیادہ ہوا کا دباؤ ہوتا ہے۔ یہ تقریباّ ایسا ہی ہے کہ اخبار کے اوپر ایک سے چالیس من وزنی اینٹیں رکھ دی جائے۔